پاکستان - 02 اپریل 2026
ملک بھر میں بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی
تازہ ترین - 02 اپریل 2026
ملک میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث آج سے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 5 اپریل تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر کی بالائی وادیوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں تیز آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دیکھیں

