لاہور سے میکسیکو: این ہیتھوے کے ہاتھ میں پاکستانی بیگ

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 02 اپریل 2026

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ این ہیتھوے نے اپنی نئی فلم ’’دا ڈیول ویئرز پراڈا 2‘‘ کی تشہیری مہم کے دوران پاکستانی فیشن کو عالمی سطح پر نمایاں کر دیا۔

 

میکسیکو سٹی میں منعقدہ تقریبات کے دوران اداکارہ نے پاکستان کے ایک برینڈ کا تیار کردہ سیاہ رنگ کا بیگ استعمال کیا، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔

 

این ہیتھوے اس موقع پر سیاہ لباس میں ملبوس تھیں جس پر سنہری کام کیا گیا تھا، اور اس لباس کے ساتھ پاکستانی برینڈ کا بیگ ان کے انداز کو مزید نمایاں بنا رہا تھا۔ 

 

آن لائن سرچ اور انسٹاگرام پروفائل سے معلوم ہوتا ہے کہ اس برینڈ کا نام وارپ ہے، اور انسٹاگرام پر این ہیتھوے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں۔

 

وارپ کی ویب سائٹ پر ہالی وڈ اداکارہ کا بیگ ’’ٹوبلا بلیک‘‘ کے نام سے دستیاب ہے۔ 

 

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میکسیکو سٹی پہنچنے پر این ہیتھوے کا مداحوں نے پرتپاک استقبال کیا۔

 

یہ فلم 2006ء میں ریلیز ہونے والی مقبول فلم کا سیکول ہے، جس کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔

 

 نئی فلم میں وہ ایک بار پھر مرکزی کردار ادا کریں گی، جبکہ کئی نئے اداکار بھی اس کہانی کا حصہ بن رہے ہیں۔ 

 

فلم یکم مئی کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

 

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس پاکستانی برینڈ کی مصنوعات کسی عالمی شخصیت نے استعمال کی ہوں، اس سے قبل بھی بین الاقوامی اور پاکستانی فنکار وارپ کے بیگز استعمال کرتے نظر آ چکے ہیں۔