ملک بھر میں بارشوں، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی

news-banner

تازہ ترین - 04 اپریل 2026

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔

 

پنجاب اور اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 

 

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور لاہور میں بھی بارش کا امکان ہے۔

 

گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش کی توقع ہے، جبکہ فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

 

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 5 سے 9 اپریل کے دوران بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

 

پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 

ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، مالاکنڈ، چترال اور باجوڑ میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

 

بلوچستان میں 5 سے 7 اپریل کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، لسبیلہ، گوادر، تربت اور پنجگور میں بارش اور آندھی متوقع ہے۔

 

گلگت بلتستان اور کشمیر میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

کاشتکاروں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے یا اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔