کھیل - 06 اپریل 2026
ایران کا متحدہ عرب امارات میں حملہ، 25 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہونے کا دعویٰ
پاکستان - 06 اپریل 2026
ایران نے متحدہ عرب امارات میں امریکی فوج پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔
ترجمان ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یو اے ای میں ایران کے حملے میں 25 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے صدر ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر اور ہاری ہوئی فوج کی بےعزتی محض ہتھکنڈوں سے ٹھیک نہیں ہوگی۔
ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ کوئی لفظی پروپیگنڈا امریکا کی شکست کی رسوائی مٹا نہیں سکےگا۔
اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کو حیفہ کی ایک رہائشی عمارت میں ایرانی حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کو ایران کی جانب سے اسرائیلی شہر حیفہ پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا۔
ایمرجنسی سروس نے جائے وقوعہ کی تصاویر بھی جاری کی تھیں۔
تہران کے مضافات میں واقع بَهارِستان کے گورنر نے تصدیق کی ہے کہ پیر کی صبح ہونے والے حملے میں 13 افراد مارے گئے ہیں۔
شہر کے گورنر کے مطابق اس حملے میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور اندیشہ ہے کہ اب بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ شہر کے قلعہ میر قصبے میں دو رہائشی یونٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تہران کے ضلع 9 کے میئر کے مطابق شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی گیس سٹیشن پر پیر کو ہونے والے حملے کے بعد قریبی علاقوں میں گیس کی سپلائی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کی عمارت اور یونیورسٹی کی مسجد سمیت یونیورسٹی کے کچھ حصوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پیر کی صبح جاری ہونے والی تصاویر میں تہران کے مغرب کے علاقوں سے دھواں اٹھتا بھی دکھایا گیا ہے۔
جنگ کے آغاز کے بعد سے تہران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور شاہد بہشتی یونیورسٹی سمیت متعدد یونیورسٹیوں پر حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو ایرانی افواج بھی امریکہ کی اسی طرح کی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گی۔
الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’کسی ملک کے انفراسٹرکچر اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ اس ملک کی پوری آبادی کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور یہ ایک طرح سے جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم کے مترادف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’موجودہ امریکی انتظامیہ کسی منطق اور قانون کو نہیں مانتی اور بنیادی اخلاقیات کے تقاضوں سے عاری ہے۔
اس سے قبل ایرانی صدر کے ترجمان مہدی طباطبائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو اسی صورت میں کھولا جائے گا، جب ایران ٹرانزٹ ٹول کا ایک حصہ جنگ سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے استعمال نہیں کر لیتا۔
ایران کی سینٹرل ملٹری کمانڈ کے جنرل علی عبداللہ علی آبادی نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی ایک ’بے بس، اعصاب شکن، غیر متوازن اور احمقانہ اقدام‘ ہے۔
انڈین وزیرِ خارجہ جے شنکر نے کہا ہے اُن کا ایرانی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں جے شنکر کا مزید کہنا تھا کہ اُنھیں ایرانی وزیر خارجہ کی کال موصول ہوئی جس میں موجود صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ تاہم انڈین وزیر خارجہ نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
متحدہ عرب امارات نے پیر کو دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون روکے ہیں۔
ملک کی وزارت دفاع نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام فعال طور پر میزائل اور ڈرون خطرات کا مقابلہ کر رہا ہے۔
برطانوی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ملک کی رائل ایئر فورس نے ’کئی ایرانی ڈرونز‘ کو مار گرایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ٹائفون اور F-35 لڑاکا طیارے مشرقی بحیرہ روم، اردن، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے اوپر دفاعی مشن جاری رکھیں گے۔ ان کارروائیوں کو رائل ایئر فورس کے وائجر ٹینکر طیاروں اور رائل نیوی مرلن اور وائلڈ کیٹ ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل ہے۔
برطانوی وزارتِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ ’خطے میں اپنے لوگوں کی سکیورٹی کے اقدامات بلند ترین سطح پر ہیں‘ اور برطانیہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہاں سرگرم ہے۔
ایران کے آخری بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کا انفراسٹرکچر تباہ ہونے سے پہلے ہی اپنی ’مہم جوئی‘ ترک کر دیں اور اقتدار سے الگ ہو جائیں۔
امریکی صدر کی جانب سے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے بعد رضا پہلوی نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ یہ جنگ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈروں کی ’غلط علاقائی پالیسیوں اور پاگل پن‘ کا نتیجہ ہے۔
رضا پہلوی کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کا تختہ اُلٹنا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔ اُنھوں نے پاسداران انقلاب کے کمانڈرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کو مزید خونریزی میں نہ دھکیلے اور اسے مزید زخم نہ لگائیں۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ایران کی اجازت سے 15 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں۔
فارس کی خبر کے مطابق بحری ٹریفک اب بھی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں 90 فیصد کم ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ’امریکی قیادت میں ہونے والی ہر اس کوشش میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے‘ جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں ’محفوظ جہازرانی‘ کو یقینی بنانا ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خیال میں جنگ کے دوران ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اور اسرائیلی مؤقف اور اثر و رسوخ کو تقویت ملی ہے۔
دیکھیں

