بنگلا دیش: خسرہ کے مشتبہ پھیلاؤ سے 98 بچوں کی ہلاکت، ویکسینیشن مہم تیز

news-banner

تازہ ترین - 06 اپریل 2026

بنگلا دیش میں خسرہ جیسی بیماری کے مشتبہ پھیلاؤ نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، جہاں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 98 بچوں کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

 

حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے 6,476 بچوں میں خسرہ جیسی علامات ظاہر ہوئیں۔ 

 

وزارتِ صحت و خاندانی بہبود نے دارالحکومت ڈھاکا سمیت سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ویکسینیشن مہم شروع کر دی ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں اور اموات کی تعداد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

 

 کئی مریضوں کا ٹیسٹ نہیں ہو پاتا یا بچے ٹیسٹنگ سے پہلے ہی ہلاک ہو جاتے ہیں، جس سے اصل تعداد زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔

 

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق خسرہ دنیا کی انتہائی متعدی بیماریوں میں شامل ہے جو کھانسی یا چھینک کے ذریعے تیزی سے پھیلتی ہے اور بچوں میں دماغی سوجن اور شدید سانس کی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ 

 

عالمی ادارے کے اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 95,000 اموات خسرہ کے باعث ہوتی ہیں، جن میں زیادہ تر غیر ویکسین شدہ بچے شامل ہیں۔