آبنائے ہرمز میں ’ٹول ٹیکس یا گزرگاہ پر پابندیاں‘ قبول نہیں ہوں گی، برطانوی وزیر اعظم

news-banner

تازہ ترین - 10 اپریل 2026

خلیجی ممالک کے دورے کے اختتام پر برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ اس پورے دورے میں زیادہ تر گفتگو آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کے لیے ’عملی منصوبے‘ پر مرکوز رہی۔

 

 برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا کہ ’یہ تنازع ہماری آنے والی نسل کو متعین کرے گا اور ہمیں اس کا جواب دینا ہوگا، اور ہم مضبوطی سے جواب دیں گے۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے خلیجی رہنماؤں کے ساتھ ’مشترکہ دفاع‘ کے موضوع پر بھی بات چیت کی۔ جمعرات کی شب کیئر سٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی گفتگو کی۔

 

 ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق  رہنماؤں نے موجودہ جنگ بندی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی کے لیے ’عملی منصوبے‘ کی ضرورت پر بات کی۔

 

 موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے تسلیم کیا کہ موجودہ جنگ بندی ’نہایت نازک‘ ہے۔

 

 انھوں نے نشریاتی اداروں کو بتایا کہ خطے میں کسی بھی طویل المدتی امن معاہدے کے حصے کے طور پر آبنائے ہرمز میں ’ٹول ٹیکس یا گزرگاہ پر پابندیاں‘ قابلِ قبول نہیں ہوں گی۔