ڈونلڈ ٹرمپ کےدورہ پاکستان کا امکان ،واشنگٹن میں چہ مگوئیاں

news-banner

تازہ ترین - 14 اپریل 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

 

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور پاکستانی نژاد شخصیت ساجد نذیر تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن میں اس بات کی چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ ایران سے مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود اسلام آباد کا دورہ کر سکتے ہیں۔ 

 

ساجد نذیر تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ صدر ٹرمپ ایرانی وفد سے ملاقات کے لیے پاکستان آ سکتے ہیں، جہاں اسلام آباد معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ 

 

ان کے مطابق یہ ممکنہ ملاقات ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے نہ تو وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی پاکستانی حکام نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

 

 سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایسا کوئی دورہ ہوتا ہے تو یہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہوگی اور پاکستان کے کردار کو مزید اہمیت حاصل ہو سکتی ہے۔