عالمی کرکٹ پر بھارتی اثر و رسوخ، کھیل کا نظام متاثر ہونے لگا: وِزڈن

news-banner

کھیل - 14 اپریل 2026

کرکٹ کی معروف سالانہ اشاعت وِزڈن نے عالمی کرکٹ میں بھارت کے بڑھتے اثر و رسوخ اور سیاسی مداخلت پر تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی کرکٹ کے نظام میں بھارت کی بالادستی مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے کھیل کے معاملات پر سیاست کے اثرات نمایاں ہورہے ہیں۔

 

 اشاعت کے مطابق کرکٹ کے عالمی ادارے میں اس وقت اعلیٰ عہدوں پر بھارتی شخصیات تعینات ہیں، جس سے اختیارات کا توازن متاثر ہورہا ہے۔ 

 

وِزڈن کے ایڈیٹر نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ عالمی کرکٹ کا نظام تیزی سے ایسا رخ اختیار کررہا ہے جہاں ایک ملک کا اثر غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے اور اسے معمول کے طور پر قبول کیا جارہا ہے، جبکہ اس کے نتائج کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

 

 رپورٹ میں 2025 کے ایشیا کپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باعث کھلاڑیوں کے رویے بھی متاثر ہوئے اور میچ کے دوران روایتی انداز میں میل جول دیکھنے میں نہیں آیا، جو کھیل میں سیاست کی مداخلت کی ایک مثال ہے۔

 

 مزید کہا گیا کہ کرکٹ کو بعض مواقع پر سیاسی پیغام رسانی کے لیے بھی استعمال کیا گیا، جس سے کھیل کی غیر جانبداری متاثر ہوئی۔ اسی تناظر میں ایک بین الاقوامی مقابلے کے بعد کیے گئے بیانات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا، جنہوں نے کھیل اور سیاست کے درمیان حد کو مزید دھندلا کردیا۔

 

 رپورٹ میں ایک بنگلہ دیشی فاسٹ بولر کے معاملے کا بھی ذکر کیا گیا، جسے ایک بڑی لیگ سے علیحدہ ہونا پڑا، اور بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث اس کے اثرات دیگر بین الاقوامی مقابلوں تک پہنچے۔

 

وِزڈن کے مطابق کرکٹ ہمیشہ سے مکمل طور پر سیاست سے الگ نہیں رہی، تاہم موجودہ حالات میں اس کا اثر پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے اور یہ کھیل کے ماحول کو متاثر کررہا ہے۔

 

 ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں عالمی کرکٹ کے ڈھانچے اور مقابلوں پر مزید منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔