تازہ ترین - 16 اپریل 2026
سعودی عرب سے غیر متزلزل یکجہتی ہے۔شہباز شریف، ولی عہد کیساتھ ملاقات کا اعلامیہ جاری
تازہ ترین - 16 اپریل 2026
شہباز شریف نے جدہ میں محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیارے بھائی ولی عہد سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔
وزیراعظم نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور ولی عہد کی مدبرانہ قیادت میں سعودی عرب کے صبر و تحمل کو سراہا۔
انہوں نے ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی حالیہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور تاریخی امن مذاکرات میں پاکستان نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا اور ملک خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی مخلصانہ امن کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان منفرد دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے اپنی پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جو سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے جاری کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
سعودی ولی عہد نے پاک سعودی سٹرٹیجک تعاون کو سراہتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دیکھیں

