پشاور: نقل سےروکنے پر طلبا مشتعل، امتحانی مراکز پر حملے

news-banner

پاکستان - 16 اپریل 2026

پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں نہم و دہم کے جاری سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام پر طلبا مشتعل ہو گئے اور امتحانی مراکز پر حملے کر دیئے۔ 

 

محکمہ تعلیم کے مطابق کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام درہ آدم خیل میں قائم 2 امتحانی مراکز، گورنمنٹ ہائی سکول درہ آدم خیل اور گورنمنٹ ہائی سکول شیلکی وال میں طلبا نے توڑ پھوڑ کی اور امتحانی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

 

 رپورٹس کے مطابق مشتعل طلبا نے نہ صرف امتحانی عملے بلکہ انسپکشن کے لیے آنے والی ٹیم کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

 

 محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ امتحان کے دوران سختی کیے جانے پر طلبا طیش میں آ گئے۔ دوسری جانب مظاہرین طلبا کا مؤقف ہے کہ انسپکشن ٹیم اور عملہ انہیں بلاجواز تنگ کر رہا تھا، جس پر صورتحال کشیدہ ہوئی۔ 

 

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مشتعل طلبا نے پہلے سڑک بند کی اور بعد ازاں امتحانی مراکز پر حملہ کیا، ریکارڈ کو نقصان پہنچایا اور سرکاری و نجی املاک کو بھی تباہ کیا۔ 

 

واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے