شہباز شریف کی امیرِ قطر سے ملاقات، سیکیورٹی اور توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

news-banner

دنیا - 16 اپریل 2026

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی، دفاع اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

 

اس موقع پر خطے کی بدلتی صورتحال، خصوصاً خلیجی خطے کے حالات پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کی جانب سے ان کے طیارے کو قطری فضائیہ کے جنگی طیاروں کے ذریعے اسکواڈرن کی صورت میں دیے گئے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ 

 

انہوں نے اس اقدام کو قطر کی روایتی مہمان نوازی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس قرار دیا۔

 

وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان قطر اور دیگر برادر ممالک پر کسی بھی حملے کی مذمت کرتا ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے۔ 

 

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات خوشگوار اور نتیجہ خیز رہی، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔