پاکستان - 16 اپریل 2026
لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، امریکی صدر ٹرمپ
دنیا - 16 اپریل 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک 10 روزہ سیزفائر پر متفق ہوگئے ہیں۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت گفتگو ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے امن کے لیے باضابطہ طور پر شام 5 بجے (ایسٹرن ٹائم) سے 10 روزہ جنگ بندی شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ منگل کو دونوں ممالک نے 34 برس بعد پہلی بار واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی، جہاں مارکو روبیو بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس ڈین کین کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر مستقل امن کے لیے کام کریں۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ دنیا بھر میں 9 جنگیں ختم کروا چکے ہیں اور یہ ان کی 10ویں کامیابی ہوگی۔ اس سے قبل لبنان کے صدر جوزف عون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دیرپا امن و استحکام کیلئے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں جوزف عون نے کہا کہ لبنان جلد از جلد اس آگ کو روکنے کیلئے ان کوششوں کے جاری رہنے کی خواہش کرتا ہے۔ صدارتی آفس کے بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے لبنان اور صدر جوزف عون کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا، انہوں نے لبنان کی جلد جنگ بندی کی درخواست کو پورا کرنے کے اپنے عزم پر زور دیا۔
دیکھیں

