تازہ ترین - 17 اپریل 2026
بشریٰ بی بی ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل،بیٹیوں ، بہن کی ملاقات
تازہ ترین - 17 اپریل 2026
بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کو طبیعت کی خرابی پر گزشتہ رات نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اب ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ان کی بیٹیوں اور بہن کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کروا دی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی سے فیملی کی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد وقت جاری رہی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی فیملی نے انکی صحت کے حوالے سے خیریت دریافت کی، بشریٰ بی بی کی فیملی نے انکی صحت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایکس پر جاری پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ رات بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کو اسپتال منتقل کیا گیا، بشریٰ بی بی کی صحت اور علاج سے متعلق بتایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے ان کی فیملی کی ملاقات کی درخواست کرتا ہوں، ہم بانی سے ان کے فیملی ممبران کی ملاقات کا بھی انتظار کررہے ہیں، یہ کسی بھی شخص کا بنیادی حق ہے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خبریں نہایت تشویشناک ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے بشریٰ بی بی کی صحت اور ہسپتال منتقلی کے معاملے پر غفلت اور خاموشی افسوسناک ہے۔
شفیع اللہ جان نے کہا کہ پنجاب حکومت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے معاملے میں مسلسل غفلت برت رہی ہے، بشریٰ بی بی کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھنا آئین و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
دیکھیں

