تازہ ترین - 17 اپریل 2026
پاکستان روس کی سی فوڈ مارکیٹ پہنچ گیا، 30 کروڑ ڈالر کی ابتدائی برآمدات کا امکان
کاروبار - 17 اپریل 2026
پاکستان نے روس کی سی فوڈ مارکیٹ تک رسائی حاصل کر لی ہے کیونکہ روس نے 16 پاکستانی سی فوڈ پروسیسنگ پلانٹس کو برآمدات کے لیے رجسٹر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ پیشرفت برآمدی منڈیوں میں تنوع اور یوریشیا کے ساتھ تجارت بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ اس منظوری کے بعد پاکستان سے روس کو منظم انداز میں سی فوڈ کی برآمدات کا آغاز ممکن ہو گیا ہے جبکہ اس سے خطے کی دیگر منڈیوں تک رسائی کے بھی دروازے کھل گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روسی حکام نے پاکستان کی 16 سی فوڈ پروسیسنگ فیکٹریوں کو کلیئرنس دے دی ہے جو میری فشریز ڈیپارٹمنٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت مسلسل تکنیکی اور سفارتی رابطوں کے ذریعے ممکن ہوئی ہے، اور اس سے تقریباً 30 کروڑ ڈالر کی ابتدائی برآمدی گنجائش پیدا ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان کی موجودہ سی فوڈ برآمدات تقریباً 50 کروڑ ڈالر سالانہ ہیں جبکہ توقع ہے کہ نئی منڈیوں کے حصول سے یہ بڑھ کر آنے والے برسوں میں 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق اس پیشرفت سے یوریشین اکنامک یونین تک بالواسطہ رسائی بھی حاصل ہو گی، جس سے قازقستان، ازبکستان اور ترکمانستان جیسے وسطی ایشیائی ممالک میں بھی برآمدات کے مواقع پیدا ہوں گے جہاں بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور پروٹین سے بھرپور غذا کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دیکھیں

