وزیرِ خزانہ کی امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری سے ملاقات

news-banner

تازہ ترین - 18 اپریل 2026

پاکستان کے وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری فرانسس بروک سے ملاقات کی، جس میں توانائی، معدنی وسائل، مالیاتی نظم و نسق اور منی لانڈرنگ کے انسداد سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ 

 

وزارتِ خزانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق ملاقات ورلڈ بینک, آئی ایم ایف اسپرنگ میٹنگز 2026 کے موقع پر ہوئی، جس میں فریقین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی و مالیاتی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ 

 

وزیرِ خزانہ نے ملاقات میں پاکستان کی مجموعی معاشی صورت حال، میکرو اکنامک استحکام کے اقدامات اور ملک کے بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ 

 

انہوں نے پاکستان کے بیرونی قرضوں کے انتظام اور ادائیگیوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

 

 سینیٹر محمد اورنگزیب نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا اور ڈیجیٹل و ورچوئل اثاثوں سے متعلق ریگولیٹری پیش رفت پر امریکی حکام کو بریف کیا۔ 

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منڈی بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 

 

 ملاقات میں دونوں جانب سے توانائی، معدنی وسائل کی ترقی اور انسدادِ منی لانڈرنگ و دہشت گردی کی مالی معاونت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر تعاون کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔