شہباز شریف کے دورے انتہائی مفید، نتیجہ خیز رہے،اسحاق ڈار

news-banner

تازہ ترین - 18 اپریل 2026

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دورے انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہے، جن کے دوران اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بامعنی بات چیت کی گئی۔

 

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغامات میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ دورے کے دوران سعودی عرب اور قطر میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

 انہوں نے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے نہایت اہم اور مثبت ملاقات ہوئی، جبکہ دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی بامقصد تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

 اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے خود بھی فورم کے موقع پر مختلف اہم ملاقاتیں اور سفارتی روابط انجام دیے انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کو ایک اہم عالمی پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فورم اب دنیا بھر کے رہنماؤں کے درمیان مکالمے، امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔

 

 انہوں نے ترکیہ کی حکومت اور عوام کا پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا، جس سے فورم کی کامیابی ممکن ہوئی۔ اسحاق ڈار نے انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور تعاون نے اس دورے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا