بنوں آپریشن، خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت 2 خوارج ہلاک

news-banner

تازہ ترین - 20 اپریل 2026

سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

 

 مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خوارج ہلاک ہو گئے، جن میں خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔ 

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا، وہ سیکیورٹی فورسز اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں بھی ملوث تھا۔ 

 

خارجی لیڈر وحید21 فروری 2026ء کو بنوں میں خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، بنوں حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔ 

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے ذریعے اس گھناؤنے فعل کا بدلہ لے لیا گیا اور مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحے کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔

 

 پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔