پاکستان - 20 اپریل 2026
ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ‘فیلڈ مارشل کی ٹرمپ کو فون کال
دنیا - 20 اپریل 2026
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر گفتگو کی ہے اور انہیں آگاہ کیا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان کے مرکزی ثالث فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا کہ ناکہ بندی مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، جس پر ٹرمپ نے اس مشورے پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے قبل کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے لگی ہے، جہاں بندرگاہوں کی ناکہ بندی، سخت بیانات اور عسکری جھڑپوں نے جنگ بندی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کی ثالثی کوششوں کے باوجود فریقین کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔
ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو امن بات چیت میں بڑی رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کی خواہش ہے کہ 2 ہفتوں کی جنگ بندی ختم ہونے سے قبل پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے، جس کے لیے اسلام آباد میں سکیورٹی کے وسیع انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا ’غیر معقول اور غیر حقیقی مؤقف‘ پر اصرار کر رہا ہے۔ ایک سینئر ایرانی ذریعے نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایرانی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی مذاکرات کے امکانات کو متاثر کر رہی ہے، جبکہ تہران نے واضح کیا ہے کہ اس کی دفاعی صلاحیتیں، خصوصاً میزائل پروگرام، کسی بھی بات چیت کا حصہ نہیں ہوں گی۔
یاد رہے کہ اس وقت امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ایران بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر وقتاً فوقتاً پابندیاں عائد کر چکا ہے۔ آبنائے ہرمز دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع گیس کی ترسیل کا اہم راستہ ہے۔
دیکھیں

