دنیا - 21 اپریل 2026
واٹس ایپ کا نیا پریمیم پلان، صارفین کو ماہانہ کتنی فیس ادا کرنا ہوگی؟
تازہ ترین - 21 اپریل 2026
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نئے پریمیم سبسکرپشن ماڈل ’واٹس ایپ پلس‘ کی آزمائش شروع کر دی ہے جس کے تحت صارفین کو اپنی ایپ کے ظاہری انداز (کاسمیٹک فیچرز) کو مزید ذاتی بنانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ نیا سبسکرپشن ماڈل انسٹاگرام اور سنیپ چیٹ کے پریمیم ورژنز کی طرز پر متعارف کرایا جا رہا ہے تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق اس میں زیادہ تر سہولیات صرف ظاہری نوعیت کی ہیں اور نمایاں حد تک اضافی فنکشنل فیچرز شامل نہیں کیے گئے۔
کمپنی کے ترجمان نے ٹیکنالوجی ویب سائٹ TechCrunch کو بتایا کہ یہ سبسکرپشن ان صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جو اپنے واٹس ایپ تجربے کو مزید منظم اور ذاتی بنانا چاہتے ہیں۔
پریمیم فیچرز میں چیٹس کو زیادہ تعداد میں پن کرنے کی سہولت، کسٹم لسٹس، نئی چیٹ تھیمز اور دیگر پرسنلائزیشن آپشنز شامل ہیں۔ ٹیک رپورٹس کے مطابق، بشمول WABetaInfo، اس سبسکرپشن کی متوقع قیمت یورپ میں 2.49 یورو ماہانہ جبکہ پاکستان میں تقریباً 229 روپے رکھی جا سکتی ہے۔
صارفین کو ایک ماہ کا مفت ٹرائل دینے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اہم فیچرز میں چیٹس کو پن کرنے کی حد میں نمایاں اضافہ شامل ہے، جہاں مفت ورژن میں صرف تین چیٹس پن کی جا سکتی ہیں، وہیں پریمیم صارفین 20 چیٹس تک پن کر سکیں گے۔
مزید برآں صارفین کو چیٹ لسٹس کے لیے مخصوص تھیمز، رنگ ٹونز اور نوٹیفکیشن ساؤنڈز منتخب کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ اس سبسکرپشن میں اسٹیٹس فیچر سے اشتہارات ختم کرنے جیسی کوئی سہولت شامل نہیں، حالانکہ کمپنی گزشتہ برس اس فیچر میں اشتہارات متعارف کرا چکی ہے۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ ماضی میں بعض خطوں میں ایک ڈالر سالانہ سبسکرپشن فیس وصول کرتا تھا، تاہم Meta کی جانب سے 2016 میں اس فیس کو ختم کر دیا گیا تھا۔
دیکھیں

