پاکستان - 23 اپریل 2026
اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ اسکیم کا آغاز، بے زمین کسانوں کو زرعی اراضی دینے کا منصوبہ
پاکستان - 23 اپریل 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زرعی و معاشی خوشحالی کے لیے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ سکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت بے زمین دیہاتیوں کو اربوں روپے مالیت کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی۔
لاہور میں تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ اسکیم کے پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب میں تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی بے زمین کسانوں کو دی جائے گی تاکہ انہیں روزگار اور خود کفالت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
حکام کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر زرعی اراضی کی نشاندہی پانی کی دستیابی اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں 13 ہزار 812 زرعی لاٹس کے ذریعے 88 ہزار 780 خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ چولستان میں 16 ہزار 685 لاٹس سے ایک لاکھ ایک ہزار سے زائد خاندان فائدہ اٹھائیں گے۔
سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی اراضی کاشت کے لیے فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک آباد کاری کے لیے ایک مرتبہ گرانٹ بھی دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی فراہم کی جائے گی، جبکہ دیہی علاقوں کے بے روزگار کاشتکاروں کو یہ زمین 10 سال کے لیے دی جائے گی۔ مختلف اضلاع میں 43 ہزار 938 اور چولستان میں 83 ہزار 425 ایریاز کی نشاندہی آبپاشی اور زرخیزی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
سکیم کے لیے خواہشمند کاشتکار 2 سے 18 مئی تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ یکم جون سے 8 جون تک اپیل کا حق بھی دیا جائے گا۔ 19 جون کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور 30 جون سے زمین کی تقسیم کا عمل شروع ہوگا۔
ایک سے زائد درخواست گزار ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے زمین دی جائے گی، جو صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہو سکے گی اور اس پر پختہ تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔
کاشتکار اپنی مرضی کی فصل اگا سکیں گے، جبکہ ہر لاٹ کے ساتھ زرعی افسر اور انٹرنی بھی تعینات کیا جائے گا۔ مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل کمیٹی سال میں دو مرتبہ زمینوں کا دورہ کر کے کاشتکاری کے عمل کا جائزہ لے گی۔
دیکھیں

