دنیا - 23 اپریل 2026
سری لنکا میں تاریخی ڈیجیٹل ڈکیتی، وزارت خزانہ آسٹریلیا کو لوٹانے والی رقم سے محروم
دنیا - 23 اپریل 2026
سری لنکا میں سائبر مجرموں نے وزارت خزانہ کے کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کر کے 2.5 ملین ڈالر چرالیے اور یہ کاررائی ملک کے کسی بھی سرکاری ادارے سے ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی ڈیجیٹل چوری قرار دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق یہ رقم آسٹریلیا کو قرض کی ادائیگی کے لیے بھیجی جانی تھی۔ وزارت خزانہ کے سیکریٹری ہرشانا سورییاپیرومہ نے کولمبو میں میڈیا کو بتایا کہ سیکیورٹی بریچ اس وقت سامنے آیا جب وزارت کے ای میل سرور تک رسائی کی کوشش کی گئی۔
بعد ازاں تحقیقات میں معلوم ہوا کہ آسٹریلیا کو بھیجی جانے والی 2.5 ملین ڈالر کی ادائیگی غائب ہو چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات فوری طور پر فراہم نہیں کی جا سکتیں جبکہ سری لنکا نے غیر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد طلب کی ہے۔
واقعے کے بعد پبلک ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے 4 سینیئر افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مختلف اداروں، بشمول کرمنل انویسٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ اور مرکزی بینک کے فنانشل انٹیلیجنس یونٹ کو شکایات بھیج دی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں جنوری 2026 میں ہونے والی مشکوک غیر ملکی کرنسی ٹرانزیکشن کا بھی سراغ ملا ہے جس کے بعد داخلی انکوائری اور تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
سری لنکا میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر میتھیو ڈک ورتھ نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو اس معاملے میں بے ضابطگیوں کا علم ہے اور وہ سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا تحقیقات میں تعاون کر رہا ہے اور سری لنکا کی معاشی بحالی کے لیے حمایت جاری رکھے گا
دیکھیں

