حکومت کا مقصد عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔مریم نواز

news-banner

پاکستان - 27 اپریل 2026

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سوشل ویلفیئر سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں فلاحی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ راشن کارڈ، ہمت کارڈ اور مینارٹی کارڈ کے ذریعے مختصر مدت میں 16 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

 

 بریفنگ کے مطابق ہمت کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد خصوصی افراد کو مالی معاونت فراہم کی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال میں مزید 2 لاکھ افراد کو اس سہولت میں شامل کیا جائے گا۔ اسی طرح راشن کارڈ کے تحت 14 لاکھ سے زائد کم آمدن افراد کو ماہانہ مالی امداد دی جا رہی ہے اور ’مریم کو بتائیں‘ پروگرام کے ذریعے مزید 50 ہزار افراد کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

 مینارٹی کارڈ کے تحت ایک لاکھ مستحق اقلیتی افراد کو ہر 3 ماہ بعد 10 ہزار 500 روپے دیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے خصوصی پروگرام کے تحت 16 ہزار سے زائد افراد کو وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں دھی رانی پروگرام کے تحت 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا انعقاد مکمل ہونے اور ہدف 9 ہزار تک بڑھانے کی ہدایت دی گئی، جبکہ مزید مستحق افراد کو اس پروگرام میں شامل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

 

 وزیراعلیٰ نے وہیل چیئرز اور معاون آلات کی صفائی اور سروس کی سہولت فراہم کرنے، لاوارث بچوں کے لیے یتیم خانے قائم کرنے، اور خواتین و بچوں کی فلاح کے لیے مستند این جی اوز سے تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1737 قائم کرنے اور زکوٰۃ فنڈز سے ادویات کی فراہمی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

 اجلاس میں گداگروں کے ڈیٹا اور میپنگ کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ صنعت زار کی بہتری کے لیے نجی شعبے کو شامل کرنے اور ڈسپلے سینٹرز کی برانڈنگ کے احکامات جاری کیے گئے۔

 

 وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے اور سوشل ویلفیئر نظام کو یورپی طرز پر عوام دوست بنایا جائے گا، جبکہ کم آمدن افراد کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔