پاکستان - 30 اپریل 2026
بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے، وزیرِ اعظم
پاکستان - 30 اپریل 2026
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے،وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کے لیے قرض کا حصول آسان بنایا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ’اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت ایک بڑے ہاؤسنگ پیکیج کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد ملک میں بے گھر اور کم آمدنی والے افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مختلف بینکوں کی جانب سے اہل افراد میں قرض کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔
اس اسکیم کے تحت شہریوں کو گھر کی خریداری کے لیے 25 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے 20 سال کی مدت کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ حکومتی تفصیلات کے مطابق 25 لاکھ روپے کے قرض پر ماہانہ قسط 16 ہزار 999 روپے، 50 لاکھ پر 32 ہزار 997 روپے، 75 لاکھ پر 49 ہزار 497 روپے جبکہ ایک کروڑ روپے کے قرض پر ماہانہ قسط 65 ہزار 996 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ کا حامل ہونا اور پہلے سے کسی مالی ادارے کا مقروض نہ ہونا لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔ قرض کی رقم سے 10 مرلہ تک کا پلاٹ یا تیار شدہ گھر خریدا جا سکے گا، جبکہ مجموعی لاگت کا 90 فیصد حکومتی فنانسنگ اور 10 فیصد درخواست گزار کو خود فراہم کرنا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر سے محروم ہے، لوگوں کو چھت کی فراہمی مقدس فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھر کے لیے قرض حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں، عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ اسکیم چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسکیم کے تحت پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کے لیے قرض ہے، اس اسکیم کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، آئندہ 4 برس میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس اسکیم کا حجم 3.2 کھرب روپے کا ہے، 10 مرلے کی زمین تک گھر بنایا جا سکے گا، میں اس اسکیم کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جو بینکس اس اسکیم میں لیڈ لیں گے وہ ہمارے سروں کے تاج ہوں گے، ان بینکوں کو ہم 14 اگست کو ایوارڈ دیں گے، اس سے انڈسٹری اور کامرس چلے گی اور ملک میں خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔
دیکھیں

