Pakistan

عورت کی طاقت پر یقین رکھتی ہوں،صوبےکوخواتین کیلئے محفوظ بناناہے،مریم نواز

عورت کی طاقت پر یقین رکھتی ہوں،صوبےکوخواتین کیلئے محفوظ بناناہے،مریم نواز
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بنانا ہے جہاں کوئی بھی خاتون جب چاہے بااعتماد اور محفوظ ماحول میں گھر سے باہر نکل سکے اور اسے کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا تعلق بھی اسی تعلیمی ادارے سے ہے جو ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ میں عورتوں کی طاقت پر یقین رکھتی ہوں۔ میں پاکستان کی بیٹیوں پر یقین رکھتی ہوں۔


اپنی ذات کو ایک طرف رکھیں، لیکن کیا یہ خواتین کے لیے فخر کی بات نہیں کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعلیٰ کا تعلق لاہور کالج ویمن یونیورسٹی سے ہےان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں سیاست میں آؤں گی۔ مسلم لیگ تاریخی طور پر ایک مردانہ غلبے والی سیاسی جماعت رہی ہے۔ میں اپنی تعریف نہیں کر رہی، لیکن اس مردانہ غلبے والی جماعت میں اپنی جگہ بنانا اور مردوں کے ساتھ مقابلہ کر کے کامیاب ہونا کوئی معمولی کارنامہ نہیں ہے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں چند سال قبل تک خواتین فرنٹ لائن میں نظر نہیں آتیں تھیں تاہم آج صورتحال بدل چکی ہے اور وہ خود بطور وزیراعلیٰ اس تبدیلی کی مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت متعدد خواتین آج سیاست اور حکومت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ صوبے کے کئی اداروں کی قیادت بھی خواتین کے پاس ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کالج یونیورسٹی سے ان کی کئی یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری حاصل کرنا سفر کا اختتام نہیں بلکہ اصل زندگی کا آغاز ہے اور معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ 

مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ لکھی ہوئی تقریر کرنے کے بجائے عوام سے دل کی بات کرنا پسند کرتی ہیں اور انہیں نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ نوجوان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ 


انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا فوکس خواتین کے تحفظ پر ہے اور اگر کسی خاتون کے ساتھ ہراسانی، چھیڑ چھاڑ، زیادتی یا کسی قسم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آئے تو وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گی جب تک ذمہ دار قانون کے کٹہرے میں نہ آ جائیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں