Pakistan

پاکستان کے خلاف پراکسیز کا خاتمہ یقینی بنائیں گے، فیلڈ مارشل

پاکستان کے خلاف پراکسیز کا خاتمہ یقینی بنائیں گے، فیلڈ مارشل
۱ منٹ پہلے

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پاکستان کے خلاف پراکسیز کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سی ڈی ایف نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔ 

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں، افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔ 

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔ 

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پائیدار ترقی عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور بھی دیا۔ 

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ 

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں