World

برطانوی ریڈیو نے کنگ چارلس کی موت کی غلط خبر چلا دی،ہلچل مچ گئی

برطانوی ریڈیو نے کنگ چارلس کی موت کی غلط خبر چلا دی،ہلچل مچ گئی
۳ گھنٹے پہلے

کنگ چارلس کی موت کا غلط اعلان کرنے پر برطانیہ کے ایک ریڈیو سٹیشن نے عوام اور شاہی خاندان سے معذرت کر لی۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق برطانوی پائریٹ ریڈیوسٹیشن ریڈیو کیرولائن نے منگل کے روز غلطی سے کنگ چارلس سوم کے انتقال کی خبر نشر کردی، جس کے بعد کچھ دیر کیلئے نشریات بھی بند ہوگئیں۔ 

ریڈیو سٹیشن کے منیجر پیٹر مور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ غلطی اسٹوڈیو کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث ہوئی، جس سے بادشاہ کی وفات کے اعلان کا خصوصی پروٹوکول خودکار طور پر فعال ہوگیا۔ 

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تمام ریڈیو سٹیشنز کے پاس بادشاہ یا ملکہ کے انتقال کی صورت میں ایک خصوصی نشریاتی طریقہ کار موجود ہوتا ہے لیکن اس بار یہ نظام غلطی سے متحرک ہوگیا۔ 

پیٹر مور کے مطابق سسٹم فعال ہونے کے بعد ریڈیو اسٹیشن خاموش ہوگیا، جس سے عملے کو فوری طور پر صورتحال کا علم ہوا اور پروگرام بحال کرکے آن ائیر معذرت نشر کی گئی۔ 

ریڈیو اسٹیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم شاہ چارلس اور اپنے سامعین سے اس غلطی اور پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔ 

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کنگ چارلس اور ملکہ کومیلا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر موجود تھے اور مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں