خاتون کو ہراساں کرنے والے کسی شخص کو نہیں بخشا جائے گا۔مریم نواز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ایک رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور معروف میڈیا شخصیت مومنہ اقبال کے مابین درپیش حالیہ معاملے پر اپنا سخت موقف اپنا لیا ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک ذاتی نوعیت کا معاملہ ہے جسے مکمل طور پر میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی خاتون کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا استحصال کی کوشش میں ملوث کسی بھی شخص کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی فرد، چاہے اس کا عہدہ، سماجی حیثیت یا سیاسی تعلق کچھ بھی ہو، قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ریاستی ادارے اس معاملے میں آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ کسی خاتون کو ذاتی مواد منظرِ عام پر لانے کی دھمکی دے کر دباؤ ڈالنے یا استحصال کرنے کی ہر کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس سخت بیان کو ایک حتمی وارننگ سمجھا جائے۔ حکومت خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پامالی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔