Pakistan

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں پر دستخط
۱ منٹ پہلے

بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ نے شرکت کی۔ 

تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق 15 اہم دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ 

وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین کے قومی ترقی و منصوبہ بندی کمیشن کے ڈائریکٹر نے ترقیاتی تعاون سے متعلق دستاویزات پر دستخط کیے۔ 

ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چین کے وزیرِ ماحولیات ہوانگ رنچیانگ اور پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کیے۔ 

پاکستان اور چین کے درمیان ویٹرنری ویکسین عطیہ کی حوالگی کی دستاویز پر وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ رانا تنویر اور چین کے وزیرِ زراعت ژانگ ژو نے دستخط کیے۔ 

خشک میوہ جات کے معائنے، قرنطینہ اور حفظانِ صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹوکول پر چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی وزیر سن می جون اور خلیل ہاشمی نے دستخط کیے، جبکہ مکئی کے نباتاتی صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹوکول پر بھی دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اتفاق ہوا۔ 

مطابقتی جانچ میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن کے ڈائریکٹر اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کیے۔ 

اس موقع پر چینی خبر رساں ایجنسی اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس پر وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور چینی خبر ایجنسی کے صدر نے دستخط ثبت کیے۔ 

چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی اسکول اور پاکستان نیشنل اسکول پبلک پالیسی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی اسکول کے نائب صدر شی چن تاؤ اور خلیل ہاشمی نے دستخط کیے۔ 

اسی طرح سائنس و ٹیکنالوجی، آزاد تجارت، کثیرالجہتی تعاون، انسدادِ دہشت گردی آلات، انسانی وسائل کی ترقی اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سے متعلق متعدد معاہدے بھی طے پائے۔ 

چین فارن افیئرز یونیورسٹی اور پاکستان فارن سروس اکیڈمی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی فارن سروس اکیڈمی سعید جیلانی اور چینی یونیورسٹی کے پارٹی سیکریٹری نے دستخط کیے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں