Sports

لگتا ہے ٹرافی پہلے ہی ارجنٹینا کے نام لکھی جا چکی،مصری کوچ

لگتا ہے ٹرافی پہلے ہی ارجنٹینا کے نام لکھی جا چکی،مصری کوچ
۳ گھنٹے پہلے

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک اہم ناک آؤٹ میچ میں ارجنٹینا نے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس شکست کے ساتھ ہی مصر کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہو گیا تاہم میچ کے بعد مصری کوچ حسام حسن اور کھلاڑی مصطفیٰ زیکو نے ریفری کے فیصلوں پر شدید اعتراضات اٹھاتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے۔

 

میچ میں ریفری کے متنازع فیصلوں نے ارجنٹینا کی جیت پر سوال اٹھادیے۔ مصر کے پلیئرز اور آفیشلز کو 4 ییلو اور ایک ریڈ کارڈ دیا گیا۔ فاؤل قرار دے کر ایک گول بھی منسوخ کیا گیا۔ مصری کھلاڑیوں نے ریفری پر جانبداری کا الزام لگادیا۔

 

میچ کے آغاز میں مصر نے عمدہ کھیل پیش کیا اور برتری حاصل کر لی۔ بعد ازاں جب مصر 0-1 سے آگے تھا تو مصطفیٰ زیکو نے ایک اور گول کر دیا، لیکن وی اے آر نے ایک پہلے ہونے والے فاؤل کی نشاندہی کرتے ہوئے اس گول کو مسترد کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد مصری ٹیم اور کوچ نے شدید احتجاج کیا۔

 

میچ کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا نے زبردست واپسی کی۔ کرسٹین رومیرو نے اپنی ٹیم کا پہلا گول کیا، اس کے بعد کپتان لیونل میسی نے دوسرا گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ آخر میں اینزو فرنانڈیز نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے ارجنٹینا کو 3-2 کی کامیابی دلا دی۔

 

مصطفیٰ زیکو نے میچ آفیشلز پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کا رخ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے حق میں موڑا جا رہا ہے۔ لگتا ہے ٹرافی پہلے ہی ارجنٹینا کے نام لکھی جا چکی ہے۔

 

میچ کے بعد مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ فکس تھا، دنیا نے دیکھا ہمارے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں۔ میں اسے قسمت کی خرابی کہہ کر بات کو ہلکا نہیں کرنا چاہتا، آج ہمارے ساتھ کھلم کھلا ناانصافی اور دھاندلی ہوئی ہے۔

 

ان تمام تنازعات کے درمیان ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کے ذریعے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے اور ان کے کھلاڑی اس کامیابی پر فتح کا جشن مناتے نظر آئے، جبکہ مصر کی ٹیم ایک یادگار مقابلے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی، تاہم اس کی کارکردگی کو ایک سخت مقابلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں