Breaking News

خواتین کو بااختیار بنانا پوری قوم کی ترقی ہے، مریم نواز

خواتین کو بااختیار بنانا پوری قوم کی ترقی ہے، مریم نواز
۱ دن پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک طبقے کی ترقی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان خواتین کے لیے محفوظ اور مساوی مواقع کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔

 

او آئی سی کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین سے متعلق اس اہم کانفرنس میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام مندوبین کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا۔

 

مریم نواز نے کہا کہ اسلام میں خواتین کے حقوق سے متعلق واضح احکامات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور مہمان نوازی اس کی پہچان ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت خواتین کی مالی شمولیت اور انہیں کاروباری مواقع کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ طالبات کے لیے اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی کا عمل جاری ہے تاکہ انہیں جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا سکے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو آئی ٹی اسکلز کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

 

مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ اسکیم سے شہری مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ خواتین کے لیے ’اپنا روزگار پروگرام‘ ان کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔


اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو مسلم اُمہ کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، جنہوں نے خواتین کی سیاسی اور سماجی نمائندگی کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں