Breaking News

تیل، گیس یا بجلی بند کر دیں تو فوراً ہم پر آئینی کارروائی کی جائے گی،شفیع جان

تیل، گیس یا بجلی بند کر دیں تو فوراً ہم پر آئینی کارروائی کی جائے گی،شفیع جان
۱ دن پہلے

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبے کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک کیا جاتا ہے، اگر ہم اپنا  تیل، گیس یا بجلی بند کر دیں تو فوراً ہم پر آئینی کارروائی کی جائے گی۔

 

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا، "ہمیں اس حد تک مجبور نہ کیا جائے کہ ہم ایسا کوئی قدم اٹھائیں کیونکہ ہماری گیس سے دوسرے صوبوں کے کارخانے چل رہے ہیں۔" انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں آئین اور قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی اور عدالتوں کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

 

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کو سالانہ 54 لاکھ میٹرک ٹن گندم درکار ہوتی ہے جبکہ صوبے میں صرف 16 لاکھ میٹرک ٹن گندم پیدا ہوتی ہے، جس کے باعث 38 لاکھ میٹرک ٹن کی کمی کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق اس وقت صوبے میں 2 لاکھ 68 ہزار میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔

 

شفیع جان نے کہا کہ پاسکو کے ساتھ ایک لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم اب تک صرف 25 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی گئی ہے جبکہ باقی ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم بھی معاہدے کے مطابق فراہم کی جانی چاہیے۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت نے گندم کی ترسیل کے راستے بند کر رکھے ہیں اور چیک پوسٹوں پر لاکھوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدامات آئین کے آرٹیکل 151 کے منافی ہیں، جبکہ اس معاملے پر پنجاب حکومت کو 15 سے زائد سرکاری مراسلے بھیجے جا چکے ہیں۔

 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت گندم اور آٹے کی ترسیل کو آسان بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کے مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن اور گورنر کو بھی ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں