پاکستان میں آئی فونز کی تیاری یا اسمبلنگ شروع ہونے کے امکانات
پاکستان میں آئی فونز کی تیاری یا اسمبلنگ شروع ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورۂ امریکہ کے دوران ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات متوقع ہے، جس میں ایپل کو پاکستان میں مینوفیکچرنگ یا اسمبلی کے لیے لانے پر بات چیت کی جائے گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ حکومت اس حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں اس وقت 37 کمپنیاں موبائل فونز تیار کر رہی ہیں اور ساڑھے تین کروڑ سے زائد فونز مقامی سطح پر بنائے جا چکے ہیں۔
کمیٹی نے مقامی پیداوار بڑھانے اور سستے، معیاری فور جی اور فائیو جی اسمارٹ فونز کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا وژن ’’اسمارٹ فون فار آل‘‘ ہونا چاہیے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعظم اور ایپل کے سی ای او کی متوقع ملاقات کیا پاکستان میں آئی فونز کی مقامی تیاری یا اسمبلی کی راہ ہموار کر پاتی ہے یا نہیں