Breaking News

سعودی پائپ لائن پر حملے کے پیچھے غالباً ایران کا ہاتھ ہے،ٹرمپ

سعودی  پائپ لائن پر حملے کے پیچھے غالباً ایران کا ہاتھ ہے،ٹرمپ
۱۱ گھنٹے پہلے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر ہونے والے حالیہ فضائی حملے کے پیچھے غالباً ایران کا ہاتھ ہے۔

 

 انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ موجودہ بحران جلد حل ہوجائے گا، جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی نیچے آسکتی ہیں۔

 

آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا سعودی پائپ لائن پر حملے کا ذمہ دار ایران ہے تو انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں غالباً ایران ہی اس کے پیچھے ہے۔

 

ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔

 

ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یمن کے حوثیوں نے امریکی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے اور عندیہ دیا ہے کہ وہ اس تنازع میں امریکا کی براہِ راست فوجی مداخلت نہیں چاہتے۔

 

امریکی صدر کے مطابق حوثی بیشتر بحری جہازوں کو گزرنے دے رہے ہیں، تاہم ان کے سعودی عرب کے ساتھ اختلافات برقرار ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

 

خطے میں کشیدگی کے خاتمے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ صورتحال بہت جلد قابو میں آجائے گی اور اگر ایسا ہوا تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔

 

آئرلینڈ میں بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اگر برطانیہ بحیرۂ شمال میں تیل اور گیس کے ذخائر کی مکمل صلاحیت استعمال کرے تو یورپ میں توانائی کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

 

غزہ سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور 7 اکتوبر کے حملوں میں یرغمال بنائے گئے افراد کی واپسی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

 

اس موقع پر آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن نے غزہ میں مستقل اور بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ٹرمپ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں