توانائی کے ڈھانچے پر حملہ سعودی عرب کی خودمختاری پر حملہ ہے: پاکستان
پاکستان نے سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر حملہ ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نقصان پہنچا جبکہ شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
پاکستان نے کہا کہ شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ پیدا کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
بیان میں سعودی قیادت، حکومت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا۔