Breaking News

پی ٹی آئی لانگ مارچ: 26، 27 ستمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں موبائل، انٹرنیٹ سروسز بند کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی لانگ مارچ: 26، 27 ستمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں موبائل، انٹرنیٹ سروسز بند کرنے کا فیصلہ
۱ منٹ پہلے

پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو ممکنہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو محدود کرنے کی درخواست کردی ہے۔ 

 

جس کے پیش نظر 26 اور 27 ستمبر کو راولپنڈی اور اٹک میں موبائل اور انٹر نیٹ سروسز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جبکہ 27 ستمبر کو اسلام آباد میں  بھی موبائل سروس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط ارسال کیا ہے، جس میں مخصوص علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش یا سگنلز کو کمزور کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق درخواست میں ضلع اٹک اور راولپنڈی کے بعض علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز متاثر کرنے کا کہا گیا ہے۔

 

محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ درخواست ممکنہ احتجاجی صورتحال کے پیش نظر امن و امان کے اقدامات کے تحت کی گئی ہے، جبکہ خط میں سینٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور کی سفارشات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے چند مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے، جن میں براہمہ، بحتر، ٹیکسلا، واہ صدر اور چکری شامل ہیں۔

 

حکام کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سروسز سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی حکومت اور متعلقہ ادارے کریں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں