Breaking News

پاکستان میں مون سون 2026 کا سیزن انتہائی گرم ریکارڈ، معمول سے کم بارشیں

پاکستان میں مون سون 2026 کا سیزن انتہائی گرم ریکارڈ، معمول سے کم بارشیں
۳ گھنٹے پہلے

پاکستان میں مون سون 2026 کا سیزن ملکی تاریخ کے گرم ترین مون سون سیزنز میں شامل ہوگیا، جبکہ تقریباً 7 سال بعد دوسری مرتبہ غیر معمولی گرمی ریکارڈ کی گئی۔ 

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہا، جبکہ بیشتر خطوں میں بارشیں بھی معمول سے کم ہوئیں۔ 

بلوچستان کے شہر تربت میں مون سون سیزن کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ 

رپورٹ کے مطابق تربت میں جولائی کے آغاز، وسط اور اختتام پر شدید گرمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 7، 12، 30 اور 31 جولائی سیزن کے گرم ترین دنوں میں شامل رہے۔ 

اس کے برعکس گلگت بلتستان کے علاقے سکردو میں مون سون کے اختتامی دنوں میں سرد موسم دیکھنے میں آیا۔ 

سکردو میں 23 اور 26 ستمبر کو درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو ملک کے مختلف حصوں کے موسمی حالات میں نمایاں فرق کو ظاہر کرتا ہے۔ 

**ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشیں معمول سے کم** 

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون 2026 کے دوران ملک بھر میں بارشوں کی تقسیم یکساں نہیں رہی اور زیادہ تر علاقوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

سب سے زیادہ کمی سندھ میں سامنے آئی، جہاں مون سون بارشیں معمول کے مقابلے میں 51 فیصد کم رہیں۔ 

بلوچستان میں بارشوں کی مقدار معمول سے 34 فیصد کم ریکارڈ ہوئی، جبکہ آزاد کشمیر میں 18 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ 

اسی طرح خیبر پختونخوا میں مون سون بارشیں معمول سے 16 فیصد کم ہوئیں، جبکہ پنجاب میں 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ 

دوسری جانب گلگت بلتستان میں صورتحال مختلف رہی، جہاں مون سون بارشیں معمول کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہوئیں۔ 

**لاہور میں ایک دن کے دوران 252 ملی میٹر بارش** 

اگرچہ بیشتر علاقوں میں مجموعی بارشیں معمول سے کم رہیں، تاہم بعض شہروں میں مون سون کے دوران شدید بارشوں کے واقعات بھی سامنے آئے۔ 

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق 23 جولائی 2026 کو لاہور کے ہوائی اڈے پر صرف ایک روز میں 252 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

اسی طرح گوجرانوالہ میں جولائی کے پورے مہینے کے دوران مجموعی طور پر 607 ملی میٹر بارش ہوئی۔ 

محکمہ موسمیات کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مون سون 2026 کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت اور بارشوں کی مقدار میں نمایاں فرق رہا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں