Pakistan

لاہور میں بسنت 12 سے 14 مارچ تک منائی جائے گی،اس سے پہلے اور بعد میں پتنگ بازی پر قید و جرمانہ ہوگا

لاہور میں بسنت 12 سے 14 مارچ تک منائی جائے گی،اس سے پہلے اور بعد میں پتنگ بازی پر قید و جرمانہ ہوگا
۱ منٹ پہلے

لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جبکہ ان تین دنوں سے پہلے اور بعد میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔

 

 مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی کرنے والوں کو 5 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جبکہ بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز مفت نصب کیے جائیں گے۔ 

سیکرٹری داخلہ احمد جاوید کی زیر صدارت بسنت کے انتظامات اور حفاظتی اقدامات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں تہوار کے انعقاد کے لیے مختلف فیصلے کیے گئے۔ 

سیکرٹری داخلہ کے مطابق لاہور میں بسنت صرف 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منانے کی اجازت ہوگی اور ان تاریخوں سے قبل یا بعد میں پتنگ بازی کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ خلاف ورزی کی صورت میں 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ 

احمد جاوید نے کہا کہ شہریوں کو پتنگ کی ڈور سے محفوظ رکھنے کے لیے بسنت سے پہلے 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز مفت لگائے جائیں گے۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں کسی بھی غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

متعلقہ عمارتوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2026 سے پہلے چھتوں پر کم از کم ساڑھے 3 فٹ اونچی حفاظتی دیوار تعمیر کریں، جبکہ اجازت یافتہ مقامات کی چھتوں کی ضروری مرمت بھی مقررہ تاریخ تک مکمل کی جائے۔ 

سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ پرانی عمارتوں اور رہائشی گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرایا جائے تاکہ ان کی مضبوطی اور حفاظت کا جائزہ لیا جاسکے۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ اگر معائنہ رپورٹ تسلی بخش نہ ہوئی تو کمزور یا غیر محفوظ عمارتوں کی چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

احمد جاوید کے مطابق پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی مضبوطی اور پائیداری کی ذمہ داری متعلقہ مالک مکان پر ہوگی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ جن عمارتوں کی چھتوں کے قریب بجلی کی تاریں موجود ہیں، ان کے مالکان کو حفاظتی انتظامات یقینی بنانا ہوں گے۔ 

سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی بھی مقررہ قواعد اور حدود کے مطابق نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ 

ان اقدامات کا مقصد بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا، غیر محفوظ مقامات پر پتنگ بازی روکنا اور مقررہ تین روز کے علاوہ غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں