استنبول میں اسحاق ڈار کی جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استنبول میں جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان واڈے فول سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات آر فور فریم ورک اور جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ پر مشتمل ای فور گروپ کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور جرمن وزیر خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے موجودہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل عالمی رابطے، سفارتی مشاورت اور باہمی تعاون ضروری ہیں۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آر فور فریم ورک کے ساتھ جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے تعمیری روابط کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے مشترکہ تشویش کے معاملات پر مسلسل مشاورت اور سفارتی رابطہ کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ ممالک کے درمیان رابطے برقرار رکھنے کی ضرورت اجاگر کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلسل سفارتی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بات چیت اور سفارتی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔