Pakistan

سکول کے بچوں کی گاڑی دریائے نیلم میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق

سکول کے بچوں کی گاڑی دریائے نیلم میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق
۱ منٹ پہلے

آزاد کشمیر کی وادیٔ نیلم میں آٹھ مقام کے قریب نگدر کناری کے مقام پر بچوں کو سکول لے جانے والی گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار بچے جاں بحق ہوگئے، جن میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ حادثے میں ڈرائیور اور تین بچوں سمیت چار افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال آٹھ مقام منتقل کردیا گیا۔ 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر گاڑی بچوں کو لے کر سکول کی جانب جارہی تھی کہ نگدر کناری کے مقام پر ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی سڑک سے پھسل کر گہرے دریائے نیلم میں جا گری۔ 

ابتدائی طور پر تیز رفتاری یا کچے اور پھسلن والے راستے کو حادثے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جارہا ہے، تاہم اصل وجہ کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔ 

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں چار بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق بچوں میں تین سگے بھائی شامل ہیں، جبکہ چاروں بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ 

ایک ہی خاندان کے چار بچوں کی موت سے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی، جبکہ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں بھی سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔ 

حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور اور تین دیگر بچے شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال آٹھ مقام منتقل کیا گیا۔ 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ 

دریائے نیلم کے سرد پانی اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے جاں بحق بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو پانی سے باہر نکالا۔ 

دوسری جانب پولیس نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ 

تفتیش میں اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ آیا گاڑی کے بریک فیل ہوئے، ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث قابو کھو بیٹھا یا سڑک کی خستہ حالی حادثے کا سبب بنی۔ 

حکام کی جانب سے حادثے کی حتمی وجہ کی تصدیق تاحال نہیں کی گئی، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں