Sports

سعودی عرب میں چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی، نئی تاریخوں کا اعلان

سعودی عرب میں چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی، نئی تاریخوں کا اعلان
۱۳ گھنٹے پہلے

سعودی عرب میں رواں سال نومبر کے دوران منعقد ہونے والے چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی کردیے گئے ہیں۔ 

 

اولمپک کونسل آف ایشیا اور مقامی انتظامی کمیٹی نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ مقابلے اب 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوں گے، تاہم تاریخوں میں تبدیلی کے باوجود ایونٹ کا سرکاری نام ’ریاض 2026‘ ہی برقرار رہے گا۔ 

اولمپک کونسل آف ایشیا اور مقامی انتظامی کمیٹی کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق ٹورنامنٹ کی نئی تاریخوں کا فیصلہ انتظامی اور لاجسٹک امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ 

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قومی اولمپک کمیٹیوں، متعلقہ اداروں اور شراکت داروں سے مشاورت کے بعد مقابلوں کو نومبر 2026 کے بجائے مارچ اور اپریل 2027 میں منعقد کرنے پر اتفاق ہوا۔ 

منتظمین کے مطابق تاریخوں میں تبدیلی کا بنیادی مقصد کھیلوں کے بین الاقوامی کیلنڈر اور انتظامی معاملات کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ 

اس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اہل قومی اولمپک کمیٹیوں کی شرکت یقینی بنانے اور تمام متعلقہ اداروں کو تیاریوں کے لیے مناسب مواقع فراہم کرنا بھی فیصلے کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ 

اولمپک کونسل آف ایشیا نے واضح کیا ہے کہ مقابلوں کی تاریخیں تبدیل ہونے کے باوجود ایونٹ کی تیاریاں طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری ہیں۔ 

منتظمین کے مطابق چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز میں ایشیا بھر سے 4500 سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ 

نئی تاریخوں کے تحت مقابلوں کا آغاز 28 مارچ 2027 کو ہوگا، جبکہ ایونٹ 8 اپریل 2027 کو اختتام پذیر ہوگا۔ 

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایونٹ کو اگلے سال منتقل کیے جانے کے باوجود اس کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا اور مقابلے ’ریاض 2026‘ کے عنوان سے ہی منعقد ہوں گے۔ 

یہ مقابلے سعودی عرب کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ اولمپک کونسل آف ایشیا کے زیرِ اہتمام ملک میں منعقد ہونے والا یہ پہلا کثیر کھیلوں پر مشتمل ایونٹ ہوگا۔ 

منتظمین کا کہنا ہے کہ اس بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے کے انعقاد سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ 

ان کے مطابق ایونٹ کے ذریعے ملک میں کھیلوں کے فروغ، عوامی شرکت میں اضافے اور نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 

اس کے علاوہ سعودی عرب کو عالمی سطح پر بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے اہم میزبان اور مرکز کے طور پر مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔ 

منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نئی تاریخوں کے مطابق تیاریاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ قومی اولمپک کمیٹیوں، کھلاڑیوں اور دیگر شراکت داروں کے لیے بہتر انتظامات یقینی بنائے جاسکیں۔ 

یوں نومبر 2026 میں ہونے والے چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز اب 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک ریاض میں منعقد ہوں گے اور 4500 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں