Pakistan

اسلام آباد ہائیکورٹ،بچوں کے سوشل میڈیا استعمال اور آن لائن ہراسانی پر وفاق سے تفصیلی رپورٹ طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ،بچوں کے سوشل میڈیا استعمال اور آن لائن ہراسانی پر وفاق سے تفصیلی رپورٹ طلب
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے غلط استعمال سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

 

جسٹس ارباب محمد طاہر نے سوشل میڈیا سے متعلق قوانین، بچوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کی روک تھام سے متعلق متعدد درخواستوں پر سماعت کی۔

 

دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 13 نومبر کو تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کا اجلاس منعقد ہوا تھا، اس لیے حکومت کو اپنا مؤقف اور تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔

 

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ حکومت کو بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کرنا ہوں گی۔

 

سماعت کے دوران 2020 اور 2021 کے سوشل میڈیا رولز کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ 2020 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواستیں اب غیر مؤثر ہوچکی ہیں۔

 

عدالت کے ریمارکس کے بعد درخواست گزار کے وکیل نے 2020 کے سوشل میڈیا رولز کو چیلنج کرنے والی درخواست غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر واپس لے لی۔

 

تاہم عدالت نے 2021 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواستوں پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کی ہدایت برقرار رکھی۔ ان درخواستوں سے متعلق حکومتی مؤقف آئندہ سماعت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے قبل ڈیجیٹل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کا حکم بھی دے چکی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ آن لائن ذرائع کے ذریعے ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے تدارک کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

 

عدالت نے ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے غلط استعمال کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے ازالے سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کی رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے، تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ متعلقہ ادارے شکایات کے حل اور متاثرہ افراد کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کررہے ہیں۔

 

اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھی جامع رپورٹس جمع کرانے کی ہدایات دی جاچکی ہیں۔

 

سماعت کے موقع پر درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا کے علاوہ سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

 

عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت کا تفصیلی جواب اور متعلقہ اداروں کی جانب سے طلب کردہ رپورٹس عدالتی کارروائی کا حصہ بنیں گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں