حنا جاوید قتل کیس، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے پولیس چالان کی قانونی جانچ پڑتال شروع کر دی
راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے فورنزک رپورٹس موصول ہونے اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد مقدمے کا چالان پراسیکیوشن برانچ میں جمع کرادیا، جسے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے باقاعدہ وصول کرکے قانونی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا ہے۔
پراسیکیوشن برانچ کے ذرائع کے مطابق حنا جاوید قتل کیس کا چالان ہفتے کے روز جمع کرانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث اس وقت چالان باضابطہ طور پر وصول نہیں کیا جاسکا تھا۔
اب ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی تفتیشی رپورٹ اور متعلقہ دستاویزات وصول کرلی ہیں اور ان کی سکروٹنی شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکروٹنی کے دوران چالان میں قانونی تقاضوں کی تکمیل اور ممکنہ نقائص کا جائزہ لیا جائے گا۔ اگر کسی قانونی خامی یا دستاویزی کمی کی نشاندہی ہوئی تو چالان ضروری اصلاح کے لیے دوبارہ راولپنڈی پولیس کو واپس بھیجا جاسکتا ہے۔
پراسیکیوشن برانچ کے مطابق قانونی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں مقدمے کی مزید عدالتی کارروائی آگے بڑھے گی۔
حنا جاوید کے قتل کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ سول لائن میں درج ہے۔ 45 سالہ شادی شدہ خاتون حنا جاوید کو 20 اگست کو ان کے گھر کے اندر قتل کردیا گیا تھا۔
واقعے کی نوعیت اور مقدمے کی اہمیت کے پیش نظر پنجاب پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے حنا جاوید قتل کیس کو ہائی پروفائل قتل کیس قرار دے رکھا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے مقدمے سے متعلق فورنزک رپورٹس وصول کرنے کے بعد اپنی تفتیش مکمل کی اور چالان تیار کرکے پراسیکیوشن برانچ کے حوالے کیا۔
دوسری جانب مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ پہلے ہی پولیس کی جانب سے کی گئی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں، جس کے باعث تحقیقات کے طریقہ کار پر ان کے تحفظات برقرار ہیں۔
چالان جمع ہونے کے بعد اب مقدمے کی کارروائی کا اگلا مرحلہ پراسیکیوشن برانچ کی قانونی جانچ پڑتال سے مشروط ہے۔ اگر چالان میں کوئی قانونی نقص سامنے آیا تو اسے اصلاح کے لیے پولیس کو واپس بھیجا جاسکتا ہے، جبکہ قانونی تقاضے مکمل ہونے کی صورت میں چالان متعلقہ عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔