پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں بڑا ریلیف آپریشن، 7 ٹن سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیا

پاکستان - 20 اگست 2025
پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن شروع کر دیا، دشوار موسم اور کٹھن پہاڑی راستوں کے باوجود امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پی اے ایف کے سی 130 طیاروں کے ذریعے سات ٹن خشک راشن اور ادویات گلگت منتقل کی گئیں، جنہیں این ڈی ایم اے کے تعاون سے دور دراز متاثرہ وادیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
مزید برآں، 75 پھنسے ہوئے افراد کو پاک فضائیہ کی ٹیم نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور آنے والے دنوں میں ریلیف آپریشن مزید جاری رہے گا۔
متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات، شیلٹر اور طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ بروقت اور مؤثر ردعمل سے متاثرہ خاندانوں میں نئی امید پیدا ہوئی ہے۔