وزیراعظم شہباز شریف: سیلاب متاثرہ علاقوں کی ایک ہفتے میں بحالی کا حکم، فوج اور حکومت عوام کے ساتھ ہیں

news-banner

پاکستان - 20 اگست 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے بونیر میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایک ہفتے کے اندر سیلاب سے متاثرہ تمام مقامات بحال کیے جائیں اور ہر علاقے میں بجلی فراہم کی جائے، خواہ لوگوں نے بل ادا کیا ہو یا نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں 350 سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، جب کہ حالیہ بارشوں کے طوفانی سلسلے میں پورے ملک میں 700 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی وزیرستان اور مانسہرہ کے واقعات نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے، جبکہ کراچی میں بھی گزشتہ روز شدید بارش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر ملک بھر میں اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا، انجنئیرز تباہ شدہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی میں مصروف ہیں اور مزید بارشوں کے اسپیل متوقع ہیں۔

 

انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ آبی گزرگاہوں پر ہوٹل اور تجاوزات بنائی گئیں جو حادثات کی بڑی وجہ بنیں۔ ان کے مطابق اس سنگین غلطی کی کوئی معافی نہیں۔

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فوج نہ صرف دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے بلکہ ساتھ ہی سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ میٹنگ میں سپہ سالار اور کور کمانڈر پشاور بھی شریک تھے، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوج کو متاثرین کی مدد کی ہدایت دی۔ شہباز شریف نے فوجی قیادت کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔