ملائکہ اروڑہ کا انکشاف: ارباز خان سے علیحدگی کی اصل وجوہات اور بیٹے پر اثرات

انٹرٹینمنٹ - 20 اگست 2025
بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑہ نے اپنے سابق شوہر، اداکار و فلم ساز ارباز خان سے علیحدگی پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے اور اس فیصلے کے پس پردہ کئی حقائق بیان کیے ہیں۔
ملائکہ اور ارباز نے 1998 میں شادی کی تھی، ان کا ایک بیٹا ارہان ہے جو اس وقت 22 برس کا ہے۔ 2016 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
حالیہ انٹرویو میں ملائکہ اروڑہ نے کہا کہ وہ چاہتی تھیں ان کی شادی ہمیشہ قائم رہے مگر حالات اس کے برعکس نکلے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی ہمیشہ منصوبے کے مطابق نہیں چلتی، اور بعض اوقات ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں جو مشکل ضرور ہوتے ہیں مگر ناگزیر بھی۔
انہوں نے بتایا کہ شادی بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ایک وقت ایسا آیا جب انہیں محسوس ہوا کہ یہ رشتہ مزید قائم نہیں رہ سکتا۔ اسی لیے انہوں نے اپنی خوشی اور ذہنی سکون کو ترجیح دیتے ہوئے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے اس فیصلے کو کچھ لوگوں نے خودغرضی قرار دیا مگر حقیقت یہ ہے کہ اگر کوئی شخص خود خوش نہ ہو تو دوسروں کو بھی خوش نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ ان کے بیٹے ارہان کے لیے بھی بہتر ثابت ہوا، جو اب زیادہ مثبت ماحول میں پروان چڑھ رہا ہے۔
ملائکہ نے اعتراف کیا کہ ارباز خان کے ساتھ کو-پیرنٹنگ (Co-parenting) آسان عمل نہیں، یہ روزانہ کی بنیاد پر ایک چیلنج ہے، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ وہ اس میں توازن پیدا کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق برسوں بعد دونوں نے بیٹے کی پرورش کے لیے بہتر ہم آہنگی قائم کر لی ہے۔