اپوزیشن کا وار، مودی کی جعلی جمہوریت اور جانبدار الیکشن کمیشن بے نقاب

دنیا - 20 اگست 2025
بھارت میں متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی دھاندلی اور جعلی ووٹر لسٹوں کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال رہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن مودی سرکار کے مفادات کا محافظ بن چکا ہے۔
ٹیلی گراف انڈیا کے مطابق دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں اپوزیشن جماعتوں کی پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری اور ووٹ چوری کے الزامات دہرائے گئے۔
کانگریس اور سی پی ایم نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے حق میں کام کر رہا ہے جبکہ ترنمول کانگریس رہنما مہوا موئترہ نے جعلی ووٹر لسٹوں کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سابق الیکشن کمشنرز کے خلاف کارروائی اور لوک سبھا کی تحلیل کا مطالبہ کیا۔
ترنمول کانگریس کے ابھشیک بینرجی نے کہا کہ کمیشن نے جعلی ووٹر لسٹوں پر انتخابات کرائے اور اپوزیشن کے کسی سوال کا جواب تک نہیں دیا۔ ان کے مطابق اگر کمیشن فہرستیں درست نہیں مانتا تو کابینہ مستعفی ہو اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔
راہول گاندھی نے بہار میں ’ووٹ ادھیکار یاترا‘ کے دوران کہا کہ غریب عوام کا حق چھینا گیا ہے اور یہ لڑائی عوام کے بنیادی حق اور ووٹ چوری کے خاتمے کے لیے ہے۔
دیگر اپوزیشن رہنماؤں جیسے کانگریس کے گورَو گوگوئی، سی پی ایم کے جان برٹاس، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن اور آر جے ڈی کے منوج جھا نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں ووٹرز کے نام لسٹ سے نکالے گئے، مردہ افراد کے نام شامل کیے گئے اور ویڈیوز تک حذف کر دی گئیں۔
اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کو بی جے پی کی ’’بی ٹیم‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دھاندلی زدہ انتخابی نظام ہی مودی سرکار کی سب سے بڑی ڈھال ہے، جس کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کا قتل کیا جا رہا ہے۔