سید پور ماڈل ویلج میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

news-banner

پاکستان - 20 اگست 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد کے سید پور ماڈل ویلج میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ اب تک 200 غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں جبکہ نیشنل پارک کی 191 کنال اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی ہے۔

کئی برسوں سے کرایہ ادا نہ کرنے والے افراد سے عمارتیں خالی کرالی گئیں۔ سی ڈی اے نے 2005 کے بعد 360 کنال پر بنائی گئی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سید پور ویلج کا دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ اپ گریڈیشن اور بیوٹیفیکیشن کے کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خالی کرائی گئی عمارتوں کو شفاف طریقے سے نیلام کیا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ علاقے سے ہر طرح کی غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے۔ کراچی اور لاہور کے معروف ریسٹورنٹس سید پور ویلج میں لائے جائیں گے تاکہ اس مقام کو عالمی معیار کا تفریحی مرکز بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق سیٹلائٹ امیجری کے ذریعے 2005 کے بعد بننے والی تعمیرات کی نشاندہی کی جا رہی ہے جبکہ گرین کور ایریا کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔