کراچی اورنگی ٹاؤن میں زوردار دھماکے سے عمارت منہدم، 7 افراد زخمی

پاکستان - 20 اگست 2025
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 4 میں اچانک ہونے والے زوردار دھماکے کے بعد ایک خستہ حال عمارت زمین بوس ہوگئی۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں لطیف حنیف، عابد، حسیب اور زاہد شامل ہیں، جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال اور سول برنس وارڈ منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے بتایا کہ منہدم ہونے والی عمارت پرانی اور خستہ حال تھی، جہاں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا دفتر قائم تھا۔ حادثے کے وقت دفتر میں موجود 7 کارکن زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق پنکھے کا سوئچ آن کرنے پر دھماکہ ہوا جس سے پوری عمارت گر گئی۔
مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔