کاروبار - 28 نومبر 2025
لاہور پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر، پنجاب بھر میں سموگ کی شدت برقرار
تازہ ترین - 28 اکتوبر 2025
پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت میں کمی نہ آ سکی، جبکہ لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔
صبح کے اوقات میں لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 410 ریکارڈ کیا گیا، جو مجموعی طور پر 329 کی اوسط پر برقرار ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شدت تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے — ساندہ روڈ 767، ٹاؤن شپ 758، ماڈل ٹاؤن 574، علامہ اقبال ٹاؤن 511 اور گلبرگ تھری 390 اے کیو آئی ریکارڈ کیے گئے۔
فیصل آباد میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 622، ملتان میں 485 جبکہ بہاولپور میں 255 ریکارڈ کی گئی۔
عالمی ادارہ IQAir کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں نئی دہلی دوسرے، ڈھاکا تیسرے، کلکتہ چوتھے اور کراچی 165 اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
ماہرین کے مطابق کم ہوا کی رفتار اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث آلودہ ذرات زمین کے قریب معلق رہتے ہیں، جس سے دھند، حدِ نگاہ میں کمی اور سانس کی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
صبح، رات اور شام کے اوقات میں آلودگی کی شدت سب سے زیادہ رہتی ہے، جبکہ دوپہر کے وقت معمولی بہتری متوقع ہے۔
محکمہ صحت اور ماحولیاتی ماہرین نے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے اینٹی سموگ آپریشن جاری ہے، جس کے تحت 16 مکینیکل واشرز، 50 واشر رکشے اور 400 اہلکار دن اور رات کی شفٹوں میں 300 کلومیٹر طویل شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور صفائی کر رہے ہیں۔
ای پی اے کے مطابق شہر کی 47 شاہراہوں پر روزانہ دو بار پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
پنجاب پولیس نے بھی انسدادِ سموگ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 مقدمات درج کیے گئے، 115 افراد کو 10 لاکھ روپے جرمانے اور 53 کو وارننگز جاری کی گئیں۔
رواں سال مجموعی طور پر 1,642 مقدمات درج، 1,571 افراد گرفتار اور 60 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں رپورٹ ہو چکی ہیں۔
دیکھیں

