پاکستان کی سری لنکا پر 8 وکٹ سے کامیابی، سیریز میں فیصلہ کن برتری

news-banner

کھیل - 15 نومبر 2025

پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے 289 رنز کا ہدف 49 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

 

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار ناقابل شکست سنچری اسکور کی جبکہ محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ فخر زمان نے 78 اور صائم ایوب نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے دونوں وکٹیں دشمانتا چمیرا نے حاصل کیں۔

 

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔ لنکا کی جانب سے لنتھ لیاناگے 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کمنڈو مینڈس نے 44 اور سدیرا سماراوکرما نے 42 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد اور حارث رؤف نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

میچ میں قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے سنبھالی کیونکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی طبیعت ناساز ہونے کے باعث میچ میں شامل نہیں تھے۔ ٹیم میں دو تبدیلیاں بھی کی گئیں جن میں ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا۔

 

اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران خصوصی نفری تعینات رہی، جبکہ اسٹیڈیم کے گرد بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی موجود تھے۔

 

 شائقین کو ہدایت کی گئی تھی کہ شناختی دستاویزات لازمی اپنے پاس رکھیں اور مشکوک افراد یا سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔